ایران کا اردن اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

ایران کا اردن اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

 ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

 ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں امریکا کی حالیہ فوجی کارروائیوں کے جواب میں کی گئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کے شہر ازرق میں واقع مووفق السلطي ایئر بیس پر صبح کے وقت ڈرون حملہ کیا گیا۔ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں امریکی فوج کی رہائشی و فلاحی عمارتوں، لاجسٹک مراکز اور سازوسامان کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بعد ازاں بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر بھی آرش خودکش ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا، جہاں امریکی فوج کے آلات رکھنے والے گوداموں اور طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہونے والے ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران نے ان حملوں کو امریکا کے خلاف اپنی جوابی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا ہے۔تاہم اس خبر کے شائع ہونے تک امریکا، بحرین یا اردن کی جانب سے ان حملوں یا ان کے ممکنہ نقصانات کی کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایران کے ان دعوؤں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ کی سکیورٹی صورتحال اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر مرتب ہو سکتے ہیں۔