بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورس نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے، جبکہ شہریوں کو حملوں کے بعد گرنے والے ملبے یا نامعلوم اشیا سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے بحرین کو نشانہ بنانے کے لیے میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، تاہم ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال رہا اور متعدد فضائی اہداف کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔بیان کے مطابق بحرین کی تمام دفاعی اور عسکری یونٹس ہائی الرٹ پر ہیں اور مملکت کی سلامتی، شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بحرینی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حملوں کے بعد زمین پر گرنے والے کسی بھی مشتبہ ملبے، میزائل یا ڈرون کے حصوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
بحرین نے کہا کہ رائل فیلڈ انجینئرنگ یونٹ کسی بھی خطرناک مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنانے کے لیے تیار ہے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔بحرین ڈیفنس فورس کے مطابق شہری آبادی اور نجی املاک کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ حکام نے مسلح افواج کی تیاری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی ادارے ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔