سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے تنازع کے بعد معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے، جہاں قانونی کارروائی کے آغاز کے بعد مذہبی اسکالر ناصر مدنی نے عوامی سطح پر وضاحت اور معذرت پیش کر دی ہے۔
ویڈیو بیان میں ناصر مدنی نے کہا کہ اگر ان کے کسی بیان یا الفاظ سے اداکارہ مومنہ اقبال یا ان کے اہلِ خانہ کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر دل سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کی دل آزاری کرنا ان کا مقصد نہیں تھا۔ناصر مدنی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے الفاظ پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور اس معاملے پر کھلے عام معافی چاہتے ہیں۔ انہوں نے معاشرے میں خواتین کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی بیٹی عزت اور احترام کی مستحق ہے اور معاشرے میں باہمی احترام کو فروغ دینا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل مومنہ اقبال سے متعلق ناصر مدنی کے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا۔ اس معاملے میں قانونی پیروی مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال کی جانب سے کی جا رہی ہے۔