آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کمبیلہ اور عاصم آباد میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 68 مربع کلومیٹر علاقے کو کلیئر کرالیا گیا۔ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 2 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئیں۔ کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جن میں دہشت گرد گروہ کا سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے۔سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی گئیں، جبکہ فتنۃ الہندوستان کے جھنڈے بھی ہٹا دیے گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آپریشن رَدُّ الفتنہ 3 دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بھرپور قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔