قلات میں سیکیورٹی فورسز کا فتنۃ الہندوستان کیخلاف آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک

قلات میں سیکیورٹی فورسز کا فتنۃ الہندوستان کیخلاف آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک

قلات: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز کو انٹیلی جنس بیسڈ اطلاع ملی کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد علاقے میں سرگرم ہیں۔ فوری کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری وژن "عزمِ استحکام" کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔