حکومت نے جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل آئل سستا کر دیا، نئی قیمتیں نافذ

حکومت نے جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل آئل سستا کر دیا، نئی قیمتیں نافذ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فضائی صنعت اور دیگر شعبوں کو ریلیف دیتے ہوئے کمرشل استعمال کے بعض ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہیں۔

سرکاری فیصلے کے مطابق کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والا جیٹ فیول 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل جیٹ فیول 238 روپے 87 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔حکومت کے اس فیصلے سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں ایئرلائنز کو ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت حاصل ہو سکتی ہے۔ تاہم مسافروں کے لیے فضائی کرایوں میں فوری کمی سے متعلق تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لیٹر تھی، تاہم بعد ازاں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسی فیصلے کے تحت لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 7 روپے 55 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 192 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔