پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے بعد جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل بھی مہنگا

پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے بعد جیٹ فیول اور لائٹ ڈیزل بھی مہنگا

پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب طیاروں کے ایندھن (جیٹ فیول) اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 40 روپے 35 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 291 روپے 55 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اس سے قبل جیٹ فیول 251 روپے 20 پیسے فی لیٹر میں دستیاب تھا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں بھی 25 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 230 روپے 67 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے اس کی قیمت 205 روپے 22 پیسے فی لیٹر تھی۔نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی جیٹ فیول کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔اس سے قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی دیگر قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔