حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے بعد مختلف صنعتی اور سفری ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 313 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 311 روپے 73 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپے 62 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 275 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پہلے اس کی قیمت 273 روپے 92 پیسے فی لیٹر تھی۔
اعلامیے کے مطابق ہوابازی کے شعبے میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جو 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر بڑھنے کے بعد 332 روپے 32 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس کی سابقہ قیمت 330 روپے 22 پیسے تھی۔حکام کے مطابق قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے۔ اضافہ کے بعد صنعتی شعبے، ٹرانسپورٹ اور ہوابازی کے اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔