نارووال: پنجاب حکومت کی جانب سے نارووال کے لیے 11 گرین الیکٹرک بسیں پہنچا دی گئی ہیں، جنہیں جولائی سے مختلف روٹس پر چلایا جائے گا تاکہ شہریوں کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں الیکٹرک بسیں 6 مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی اور عوام کو باقاعدہ ٹرانسپورٹ سروس فراہم کریں گی۔آر ٹی سیکرٹری کے مطابق الیکٹرک بسوں کا کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ بسیں شکرگڑھ، ظفروال، قلعہ احمد آباد، قلعہ کالر والا، بدوملہی اور دیگر علاقوں کے لیے چلائی جائیں گی، جبکہ شہر کے اندر بھی ایک خصوصی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک الیکٹرک بس ایک بار مکمل چارج ہونے پر تقریباً 80 کلومیٹر کا سفر طے کر سکے گی۔ مستقبل میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نارووال کے لیے مزید الیکٹرک بسیں بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر، کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔