لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چھوٹے شہروں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، دسمبر تک پنجاب بھر میں 1500 گرین بسیں چل رہی ہوں گی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکپتن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام صوبے میں صفائی، سیوریج، صاف پانی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انقلابی منصوبے لا رہا ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ چھوٹے شہروں کو بھی بڑے شہروں کی طرح ترقی یافتہ اور خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دسمبر تک 1500 گرین بسیں سڑکوں پر چل رہی ہوں گی اور اپریل و مئی میں مزید 500 بسیں شامل کی جائیں گی، جن میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ، ایئرکنڈیشن اور فری وائی فائی کی سہولت موجود ہوگی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں 35 ہزار مشینیں خریدی جا چکی ہیں اور صفائی کے کام بلاتفریق جاری ہیں۔ انہوں نے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ تمام روٹس پر بس اسٹاپس تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔
مریم نواز نے صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال اور سرگودھا میں جدید علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل دنیا کے سب سے بڑے کینسر اسپتال کی تعمیر آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے کسان کارڈ کے تحت ہر فصل کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کرنے، کھاد پر سبسڈی دینے اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا بھی ذکر کیا۔خطاب کے آخر میں مریم نواز نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ، مسلم لیگ ن اور مریم نواز کی قیادت سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں اور ان کے خلاف تقسیم کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔