سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت نے بسوں کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے، تاہم وزیرِ اعظم سے 180 الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے اینٹی نارکوٹکس کو آٹومیٹڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈبل کیبن گاڑیوں کی کمرشل رجسٹریشن کو ذاتی استعمال میں تبدیل کرنے والے افراد کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت پریمیئم نمبر پلیٹس سے حاصل کی جانے والی رقم کو سندھ پیپلز ہاؤسنگ سیل میں منتقل کرے گی، اور سندھ کابینہ نے اضافی الیکٹرک بسوں اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے خواتین کے لیے فری پنک اسکوٹر دینے کے پروگرام کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت خواتین کو دو وہیلر لائسنس کی بنیاد پر الیکٹرک اسکوٹر فراہم کیے جائیں گے، اور ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے خواتین کو الیکٹرک بائیک ملے گی۔ جن خواتین کو بائیک چلانی نہیں آتی، انہیں تربیت دی جائے گی، اور یہ بائیک سات سال تک فروخت نہیں کی جا سکے گی۔شرجیل میمن نے فاروق ستار کے بارے میں کہا کہ ان کی جماعت کا کوئی سیاسی وزن نہیں ہے اور ان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور کے فور ڈیزائن پر اعتراضات کو درست ثابت کیا ہے۔