پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر پہچانا جاتا ہے: وزیراعظم

پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر پہچانا جاتا ہے: وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا بھر میں امن کے علمبردار کے طور پر پہچانا جاتا ہے، جبکہ پاک بحریہ نے معرکۂ حق میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن، تعاون اور سفارت کاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر، فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام تنازعات کا حل امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے چاہتا ہے۔وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی ایسے پیشہ ور افسران تیار کر رہی ہے جو مستقبل میں ملکی دفاع اور قومی سلامتی میں اہم کردار ادا کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور دہشت گردی کے پیچھے بیرونی عناصر ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نہ صرف ایک مضبوط دفاعی قوت ہے بلکہ خطے میں امن، استحکام اور سمندری سلامتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور مذاکرات کے راستے کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی معاہدہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد کو اس مفاہمتی عمل میں ایران سمیت دوست ممالک کی حمایت حاصل رہی اور پاکستان نے بطور ثالث مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔