قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے، صدر اور وزیراعظم

قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے، صدر اور وزیراعظم

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج قائداعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یقینِ محکم اور انتھک محنت کو یاد کرنے کا دن ہے، جس نے پاکستان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے اور یہ اقدار ہمارے قومی سفر کا مرکز ہیں۔ قائداعظمؒ کے اصول ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کے استحکام کے لیے آج بھی ناگزیر ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جب قوم مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہے تو قائداعظمؒ کی قیادت اور اصول آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم آئندہ برس قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے جو ایک اہم قومی سنگِ میل ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ضروری ہے کہ قائداعظمؒ کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدگی سے غور کیا جائے، ان کے وژن سے وابستگی کی تجدید کی جائے اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظمؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اس موقع پر بابائے قوم کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا یومِ پیدائش تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ان کے رہنما اصولوں پر انفرادی اور قومی سطح پر عمل ناگزیر ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ نے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب، ہم آہنگی اور انصاف کا درس دیا، جب کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن قومی مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت نے قیامِ پاکستان کو ممکن بنایا۔شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظمؒ نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مسلمانوں کا خواب حقیقت میں بدلا، آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کے لیے جدوجہد کی اور سامراجی قوتوں کو شکست دی۔ وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ آج اس عزم کی تجدید کریں کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قوم کے وقار، تحفظ اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔