ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز راج کمار ہیرانی نے طویل انتظار کے بعد مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ مقبول فلمی فرنچائز "منا بھائی" کی تیسری قسط پر کام جاری ہے اور اس کی اسکرپٹ تیار کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جو انہوں نے اپنی آنے والی او ٹی ٹی سیریز "پریتم اینڈ پیڈرو" کی تشہیر کے دوران دیا، راج کمار ہیرانی نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم "منا بھائی 3" کی کہانی پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، جبکہ فلم میں ایک بار پھر سنجے دت اور ارشد وارثی کی مقبول جوڑی بالترتیب منا بھائی اور سرکٹ کے کرداروں میں نظر آئے گی۔راج کمار ہیرانی نے کہا کہ فلم کی تیاری میں سب سے بڑا چیلنج ایسی کہانی تخلیق کرنا ہے جو "منا بھائی ایم بی بی ایس" اور "لگے رہو منا بھائی" کے معیار پر پوری اتر سکے۔ ان کے مطابق وہ صرف اسی صورت میں فلم بنائیں گے جب اس کی کہانی مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کے قابل ہوگی۔
انہوں نے برسوں قبل جاری کیے گئے "منا بھائی چلے امریکا" کے ٹیزر کے بارے میں بھی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فلم کی اسکرپٹ پر کام جاری تھا اور ٹیزر صرف ایک تصور پیش کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، جس میں دکھایا گیا تھا کہ منا اور سرکٹ امریکا جا رہے ہیں اور وہاں انہیں انگریزی سیکھنے جیسے دلچسپ حالات کا سامنا ہوگا۔
راج کمار ہیرانی نے بتایا کہ اگرچہ اس خیال پر کچھ مواد تیار کیا گیا تھا، تاہم وہ اس کہانی کو مکمل اسکرپٹ کی شکل نہ دے سکے، جس کے باعث "منا بھائی چلے امریکا" کبھی فلور پر نہ جا سکی۔
دوسری جانب، اداکار ارشد وارثی بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ "منا بھائی 3" کے لیے متعدد اسکرپٹس زیر غور ہیں، تاہم فلم اسی وقت بنائی جائے گی جب ٹیم کو مکمل طور پر مطمئن کرنے والی کہانی مل جائے۔