پاکستانی مزاح پر ارشد وارثی کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل

پاکستانی مزاح پر ارشد وارثی کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل

بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی کو پاکستانی مزاح کے بارے میں دیے گئے اپنے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا ہے، جہاں متعدد صارفین نے ان کے مؤقف سے اختلاف کیا ہے۔

فلم ساز راج کمار ہیرانی کے ساتھ ایک گفتگو کے دوران ارشد وارثی نے کہا تھا کہ وہ پاکستانی مزاح کے مداح نہیں ہیں، کیونکہ ان کے مطابق اس میں اکثر تضحیک، نام رکھنے اور توہین آمیز انداز پایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں جنسی نوعیت کی کامیڈی یا نامناسب مزاح پسند نہیں۔اس پر راج کمار ہیرانی نے مؤقف اختیار کیا کہ مزاح مختلف ثقافتوں اور معاشرتی پہلوؤں سے جڑا ہوتا ہے اور اگر اسے سخت حدود میں محدود کر دیا جائے تو اس کا بنیادی مقصد متاثر ہو سکتا ہے۔ ارشد وارثی نے بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے لوگوں کو زیادہ برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔تاہم ان کے اس بیان کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستانی مزاح نسبتاً شائستہ اور تہذیبی دائرے میں رہ کر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ بھارتی کامیڈی میں اکثر گالم گلوچ اور دو معنی جملوں کا استعمال زیادہ دیکھا جاتا ہے۔کچھ صارفین نے بھارتی مقبول شوز جیسے "دی کپل شرما شو" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی مزاح میں حد سے زیادہ مبالغہ اور طنزیہ انداز استعمال کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب بعض صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی کامیڈی نے بھارتی مزاح پر اثرات مرتب کیے ہیں، اور معروف کامیڈین عمر شریف کے انداز سے کئی بھارتی فنکار متاثر رہے ہیں۔