بھارتی شہر پونے کی سول عدالت نے بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار، ارشد وارثی اور ہدایتکار سبھاش کپور کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یہ کارروائی فلم جولی ایل ایل بی 2 میں عدلیہ کی مبینہ توہین کے الزام پر کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے تینوں شخصیات کو 28 اکتوبر کو صبح 11 بجے عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ یہ نوٹس وکیل واجد رحیم خان کی درخواست پر جاری کیا گیا، جنہوں نے مؤقف اپنایا کہ فلم میں بھارت کے عدالتی نظام کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ایڈووکیٹ واجد رحیم خان کے مطابق فلم میں نہ صرف عدالتی کارروائی کی توہین کی گئی بلکہ وکیلوں کو منفی انداز میں دکھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک منظر میں ججز کو "ماما" کہا گیا ہے، جو ایک توہین آمیز لفظ ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا: "وکلاء اور ججز کا احترام ہونا چاہیے، اسی لیے میں نے عدالت میں عرضی دائر کی ہے کہ فلم میں ان کے بارے میں جو کچھ دکھایا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔"واضح رہے کہ اکشے کمار اور ارشد وارثی کی فلم جولی ایل ایل بی 2 کا ٹیزر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے جبکہ فلم ستمبر 2025 میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔