دو خواتین سمیت مطلوب ملزمان جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کر لیے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر اشتہاری مجرمان کے خلاف انویسٹی گیشن پولیس لاہور کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شیراکوٹ انسپکٹر ابدال انعام نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے مختلف تھانوں کو مطلوب دو خواتین سمیت آٹھ اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان اقدام قتل، چوری، امانت میں خیانت اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن حسن فاروق گھمن نے بتایا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے مؤثر اشتراک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی جبکہ اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا۔ دریں اثنا ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کیلئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔