لاہور (کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کینٹ ڈویڑن کے ڈی ایس پیز، انچارج انویسٹی گیشنز اور ریڈر نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایس پی نے اجلاس میں پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء مقدمات کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کرائے جائیں۔ انہوں نے افسران کو سختی سے کہا کہ اپنے متعلقہ تھانوں کا ریکارڈ پولکام کے مطابق اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ اجلاس کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے واضح کیا کہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، جبکہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کیے جائیں تاکہ مجرموں کو سخت سزا دلائی جا سکے۔ ایس ایس پی محمد نوید نے مزید کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور اختیارات سے تجاوز ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کی شکایات اور مشکلات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور تمام افسران مظلوم کو ریلیف دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔