پولیس کا کریک ڈاؤن، 25 اشتہاری گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) مانگا منڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 روپوش اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان چوری، دھوکہ دہی، فراڈ، خیانتِ مجرمانہ، دھمکیوں اور بوگس چیک سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ ایس پی صدر شاہ رخ خان نے بتایا کہ اشتہاریوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں کامیاب کارروائی عمل میں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی سب انسپکٹر اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انجام دی، جبکہ گرفتار اشتہاری لاہور کے مختلف تھانوں کو مطلوب تھے۔ تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی صدر شاہ رخ خان نے سب انسپکٹر اشرف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے مقررہ اہداف ہر صورت یقینی بنائے جا رہے ہیں۔