انویسٹی گیشن پولیس نے متحرک نقب زن گینگ گرفتار کرلیا

دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف تھانوں میں 40 وارداتوں کا اعتراف کیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے بڑی کارروائی کی اور متحرک نقب زن گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مغلپورہ وقاص احمد کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اور اس کے دو ساتھی شامل ہیں۔ ملزمان سے شہریوں کے چوری شدہ لاکھوں مالیت کے 6 لیپ ٹاپ اور 10 موبائل فونز برآمد کیے گئے، علاوہ ازیں نقدی اور ناجائز اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن خالد سعید نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف تھانوں میں 40 وارداتوں کا اعتراف کیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار ملزمان کو عدالت میں سزا دلوانے کے اقدامات جاری ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی