کاہنہ پولیس کی کارروائی ، 17 ملزمان گرفتار کر لیے گئے

منشیات فروش، اشتہاری اور عدالتی مفرور دھر لیے، چرس بھی برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) کاہنہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق گرفتاریاں خفیہ اطلاع، دورانِ پٹرولنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عمل میں لائی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں 5 منشیات فروش، 6 اشتہاری، 4 ریکارڈ یافتہ اور 2 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 3 کلو گرام سے زائد چرس بھی برآمد کر لی۔ ترجمان کے مطابق گرفتار اشتہاری اور عدالتی مفرور بوگس چیک، فراڈ اور دیگر جرائم کے 11 مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ریکارڈ یافتہ ملزمان ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ جرائم کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔