کاہنہ پولیس کی کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ پولیس نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں 7 منشیات فروش، 4 ہوائی فائرنگ کرنے والے اور 3 اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان کو دورانِ پٹرولنگ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار منشیات فروش مبینہ طور پر آن لائن آرڈرز اور چل پھر کر منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان سرعام مین شاہراہوں پر اسلحہ لہرا کر قانون کی خلاف ورزی کر رہے تھے، جبکہ دیگر ملزمان کو لڑائی جھگڑے کے دوران ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے گرفتار کیا گیا۔ایس ایچ او کاہنہ عامر شہزاد کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6 کلوگرام سے زائد چرس، 300 گرام آئس، 6 پستول اور متعدد گولیاں بر آمد ہوئی ہیں۔ایس پی ماڈل ٹا ئون اسد علی نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔