لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ پولیس نے جھوٹی 15 کالز کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیاپولیس کے مطابق ملزمان کو ایل ڈی اے گول چکر اور نبی بخش اسٹاپ کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا ملزم یاسین نے بلال نامی شخص کو ڈکیتی کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کے لیے 15 پر جھوٹی کال کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کا مذکورہ شخص کے ساتھ لین دین کے معاملے پر جھگڑا تھادوسری جانب ملزم عثمان نے رقم خرد برد کرنے کے لیے خود کو زخمی کیا اور ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دے کر 15 پر کال کر دی۔ایس ایچ او عامر شہزاد کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دونوں ملزمان زیادہ دیر تک پولیس کو گمراہ نہ کر سکے اور دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی کال کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے، شہری ایسی حرکتوں سے گریز کریں۔