آزاد کشمیر میں قومی مصالحت اور اتفاق رائے سے کام لیا جائے:قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اپوزیشن کو مائیک دینے کی درخواست کی۔اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پہلے ڈاکٹر فاروق ستار بات کر لیں، پھر اپوزیشن کو مائیک دے دیتا ہوں، جس کے بعد اظہار خیال کے لیے مائیک ڈاکٹر فاروق ستار کو دے دیا گیا۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی تمام شقیں یکساں اہمیت کی حامل ہیں اور کسی ایک شق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔فاروق ستار نے خبردار کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں قومی مصالحت اور اتفاق رائے سے کام نہ لیا گیا تو کراچی میں بھی ایکشن کمیٹیوں کے قیام کا رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔انہوں نے کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا شہر متعدد مسائل کا شکار ہے اور اس کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ کراچی کو وفاقی ٹیریٹری قرار دینے پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔