2 افراد ہسپتال میں غیر ملکی خاتون کی لاش چھوڑ کرغائب، پولیس نے چند گھنٹوں میں سراغ لگا لیا
لاش ہسپتال چھوڑنے والا روم میٹ نکلا ،شبہ ہے منشیات کے زیادہ استعمال سے خاتون کی موت ہوئی، پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے غیر ملکی خاتون کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے والے شخص کا چند گھنٹوں میں سراغ لگا لیا۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ گزشتہ رات نشترکالونی چوکی سبزی منڈی کی حدودمیں واقع نجی ہسپتال میں نامعلوم شخص خاتون کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دی۔ سپیشل ٹیم نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مقتولہ کی تفصیلات حاصل کر لی۔ مقتولہ کی شناخت چومبا کیرن کے نام سے ہوئی جس کا تعلق زیمبیا سے نکلا۔ ایک شخص کرایہ کی گاڑی میں غیر ملکی خاتون کوڈاکٹرز کو چیک کروانے آیااور خاتون کی موت کی تصدیق ہونے پر فرار ہوگیا۔ پولیس نے غیر ملکی خاتون کی روم میٹ کو تلاش کر کے تحقیقات آگے بڑھاتے ہوئے خاتون کو ہسپتال لانے والے شخص Valerie nkombhoکو ٹریس کر لیا۔ خاتون کو ہسپتال چھوڑ کر جانے والا شخص مقتولہ کا ساتھی نکلا جو مقتولہ کے ساتھ نشتر ٹاؤن گلشن مدینہ کالونی میں کرائے پر رہائش پذیر تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی جی فیصل کامران تمام تحقیقات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ملزم کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے جارہے ہیں۔ جلد ہی ملزم قانون کی گرفت میں ہوگا۔پولیس کوشبہ ہے کہ منشیات کے زیادہ استعمال سے خاتون کی موت ہوئی۔