لاری اڈہ، گڑھی شاہو، شمالی چھاؤنی اور سندر میں افسوسناک واقعات پیش آئے، لاشیں مردہ خانے منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایدھی ترجمان کے مطابق لاری اڈہ کے علاقے میں 60 سالہ خاتون بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکی۔ گڑھی شاہو چوک کے قریب 35 سالہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا، جس کی لاش چار سے پانچ روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔ ابتدائی طور پر موت نشے کی زیادتی کے باعث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شمالی چھاؤنی کے علاقے میاں میر، نواز شریف پارک کے قریب بھی 40 سالہ نامعلوم شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔ دوسری جانب سندر کے علاقے ملتان روڈ پر بجلی کا کام کرنے والا 30 سالہ شخص ٹاور سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ مختلف مقامات پر پیش آنے والے واقعات کے بعد پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے ضروری کارروائی مکمل کی۔ بعدازاں ایدھی رضاکاروں نے چاروں لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت اور واقعات کی وجوہات سے متعلق مزید کارروائی جاری ہے۔