نارتھ کراچی: گھر میں آگ لگنے سے پولیس کانسٹیبل جھلس کر جاں بحق

نارتھ کراچی: گھر میں آگ لگنے سے پولیس کانسٹیبل جھلس کر جاں بحق

نارتھ کراچی کے علاقے سرسید تھانے کی حدود میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں ایک پولیس کانسٹیبل جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔

آتشزدگی کی تفصیل
پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر 7/A بلال کالونی شیشہ ہوٹل کے قریب مکان نمبر ایل 804 میں پیش آیا۔آگ لگنے کے وقت متوفی پولیس اہلکار حاجن ولد جمن گھر کی چھت پر چارپائی پر سو رہا تھا، جو سوتے ہی میں آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جب امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو متوفی جھلس کر دم توڑ چکا تھا۔

پولیس اور ریسکیو کارروائی
پولیس نے موقع سے سوختہ لاش کو تحویل میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔

متوفی کی شناخت اور تعیناتی
کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص 55 سالہ حاجن ولد جمن تھا، جو پولیس ہیڈ کوارٹر ویسٹ میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا۔ وہ اکیلا رہائش پذیر تھا۔

آگ لگنے کی وجوہات کیا تھیں؟
تاحال آگ لگنے کی حقیقی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔پولیس اور فائر بریگیڈ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی شبہ شارٹ سرکٹ یا سلنڈر لیکیج کی جانب کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ فائر ڈپارٹمنٹ اور فرانزک تجزیے کے بعد سامنے آئے گی۔

 اہل علاقہ اور پولیس کا ردعمل
اہل علاقہ کے مطابق حاجن ایک خاموش طبع، شریف انسان تھا اور اکثر اوقات گھر میں اکیلا پایا جاتا تھا۔ پولیس اور ساتھی اہلکاروں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔