کراچی: نارتھ کراچی میں رکشے پر مسلح افراد کی فائرنگ، باپ بیٹا زخمی

کراچی: نارتھ کراچی میں رکشے پر مسلح افراد کی فائرنگ، باپ بیٹا زخمی

کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے رکشے پر فائرنگ کرکے باپ بیٹے کو زخمی کر دیا، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بلال کالونی تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ایم میں نجی سپر اسٹور کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے رکشے کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں رکشے میں سوار باپ اور بیٹا زخمی ہو گئے۔زخمی افراد کی شناخت 58 سالہ محمد عالم ولد ریحان بخش اور 29 سالہ شاہ نور کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ڈی کے رہائشی ہیں اور واقعے کے وقت رکشے میں سفر کر رہے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی باپ بیٹا نارتھ کراچی فور کے چورنگی اور پاور ہاؤس چورنگی کی جانب سروس روڈ سے گزر رہے تھے کہ عقب سے آنے والے نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ فائرنگ میں استعمال ہونے والے اسلحے اور ملزمان کی شناخت کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔حکام کے مطابق علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا سکے اور انہیں گرفتار کیا جا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔