کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں 18 سالہ نوجوان کی گھر سے گلے میں پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ ابتدائی پولیس تحقیقات میں واقعے کو بظاہر خودکشی قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ نارتھ کراچی انڈا موڑ، سیکٹر 7-ڈی/3 میں پیش آیا، جہاں اطلاع ملنے پر سرسید تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔ضروری شواہد جمع کرنے کے بعد متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی۔ایس ایچ او سرسید انسپکٹر عرفان آصف کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان نے گلے میں پھندا لگا کر اپنی جان لی۔ متوفی کی شناخت 18 سالہ شارق رحمٰن کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بتایا ہے کہ شارق رحمٰن نفسیاتی مسائل کا شکار تھا اور اس کا علاج بھی جاری تھا۔ وہ اکثر خود کو کمرے میں بند رکھتا تھا۔تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ متوفی کے ایک چچا نے بھی ماضی میں گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔ تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اہل خانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا خودکشی یا خود کو نقصان پہنچانے جیسے خیالات کا سامنا کر رہا ہے، تو کسی قابلِ اعتماد فرد، اہلِ خانہ یا ذہنی صحت کے ماہر سے فوری رابطہ کرنا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔