کراچی سے جدہ جانے والا سعودی ایئرلائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

کراچی سے جدہ جانے والا سعودی ایئرلائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

سعودی ایئرلائن کی کراچی سے جدہ جانے والی پرواز ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی جب پرواز کے چند منٹ بعد ہی طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث کپتان نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔

انجن میں آگ کی وارننگ، فوری لینڈنگ کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق، سعودی ایئرلائن کی یہ پرواز کراچی سے جدہ جا رہی تھی جس میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے۔پرواز کے ٹیک آف کے چند لمحے بعد ہی طیارے کے انجن میں آگ لگنے کی وارننگ موصول ہوئی، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) کو صورت حال سے آگاہ کیا۔

رن وے خالی کروا کر ہنگامی لینڈنگ
صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر اے ٹی سی نے فوری طور پر رن وے کو کلیئر کروایا اور طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی۔پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا، اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

انجینئرنگ ٹیم طلب، فنی معائنہ جاری
ذرائع نے بتایا کہ طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد سعودی ایئرلائن کی انجینئرنگ ٹیم کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ طیارے کے انجن کی مکمل فنی جانچ پڑتال کی جا سکے۔

مسافروں کو متبادل پرواز کی پیشکش متوقع
متاثرہ پرواز کے مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی روک لیا گیا ہے اور امکان ہے کہ انہیں جلد ہی متبادل فلائٹ کے ذریعے جدہ روانہ کیا جائے گا۔

 سول ایوی ایشن اتھارٹی کا موقف
تاحال سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) یا سعودی ایئرلائن کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔