ویب ڈیسک: لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ترکش ایئرلائن کی لاہور سے استنبول جانے والی پرواز اس وقت ممکنہ حادثے سے بال بال بچ گئی جب ٹیک آف کے دوران طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔
ذرائع کے مطابق، پرواز نے جیسے ہی رن وے پر دوڑنا شروع کیا، ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے باعث مسافروں کو فوری طور پر آف لوڈ کر دیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد انجینئرنگ ٹیم کو طلب کر لیا گیا۔ترکش ایئر کی انتظامیہ کے مطابق، طیارے کی مکمل انسپکشن جاری ہے اور اس کے بعد ہی پرواز کی روانگی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے انجن یا دیگر حصے متاثر ہوئے یا نہیں، اس کا تعین ماہرین کی جانب سے مکمل معائنے کے بعد کیا جائے گا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسافروں کو لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کو تازہ ترین صورتحال سے باخبر رکھا جا رہا ہے۔
یاد دہانی
ایئرپورٹس پر پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات نہ صرف پروازوں میں تاخیر بلکہ مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے برڈ شوٹرز اور دیگر حفاظتی اقدامات مستقل جاری رہتے ہیں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔