پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کاروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈالر 7 پیسے سستا
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 7 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد امریکی کرنسی 283 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 6 پیسے مہنگا ہو گیا تھا، جس کے بعد اس کی قدر 283.67 روپے تک جا پہنچی تھی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ: تیزی کے بعد شدید مندی
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروباری ہفتے کے دوران غیر یقینی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، اور 100 انڈیکس 1,23,417 پوائنٹس کی بلند سطح تک پہنچ گیا۔تاہم دن کے وسط میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کے باعث مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 715 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,22,046 پوائنٹس پر بند ہوا۔
سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان
اس اچانک مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی بڑی وجہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، معاشی پالیسیوں میں غیر شفافیت، اور عالمی مالیاتی اداروں سے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونا ہے۔