شہر میں پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف محکمہ ایکسائز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
زون 4 کے ای ٹی او ناظم اسد کی سربراہی میں مال روڈ، نقی مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے درجنوں کمرشل پراپرٹیز کو سیل کر دیا گیا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی کے دوران پینورامہ سینٹر سمیت کئی اہم کمرشل عمارتیں بھی سربمہر کی گئیں، جن کے مالکان کے ذمے 70 لاکھ روپے سے زائد کے بقایا جات واجب الادا تھے۔ ناظم اسد نے بتایا کہ متعدد بار نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود ٹیکس جمع نہ کرانے پر یہ سخت اقدام اٹھایا گیا ہے۔
پوش علاقوں میں بھی کارروائیاں، 43 پراپرٹیز سیل
دوسری جانب شہر کے پوش علاقوں میں جاری آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر ریجن اے مشتاق فریدی نے خود کی۔ اس کارروائی میں ٹیکس نادہندگان کی 43 پراپرٹیز کو سربمہر کیا گیا، جن پر مجموعی واجبات 2 کروڑ روپے سے زائد تھے۔ڈائریکٹر مشتاق فریدی کے مطابق گزشتہ روز ہی ڈیفالٹرز سے 1 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے، اور یہ مہم 30 جون تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادہندگان کو متعدد مواقع دیے گئے، تاہم اب سختی سے نمٹا جائے گا۔
ایکسائز حکام کا انتباہ
محکمہ ایکسائز نے شہر بھر کے پراپرٹی مالکان کو تنبیہ کی ہے کہ وہ بروقت اپنے واجبات ادا کریں ورنہ ان کی جائیدادیں بھی سیل کی جا سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں دیگر زونز میں بھی بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی۔