لیسکو کا نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، سرکاری و نجی اداروں سے واجبات کی وصولی کا فیصلہ

لیسکو کا نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن، سرکاری و نجی اداروں سے واجبات کی وصولی کا فیصلہ

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کرنے والے نجی و سرکاری محکموں اور اداروں کے خلاف ریکوری مہم شروع کردی، جبکہ صارفین کو موجودہ ماہ کے بجلی کے بلوں کی اقساط کروانے کی سہولت بھی ختم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لیسکو انتظامیہ نے تمام متعلقہ دفاتر کو کرنٹ بلوں پر اقساط کی سہولت فراہم نہ کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ نئے فیصلے کے تحت صارفین اپنے موجودہ ماہ کے بجلی کے بل کی اقساط نہیں کروا سکیں گے، تاہم سابقہ بقایا جات کی ادائیگی کے لیے اقساط کی سہولت دستیاب رہے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے بجلی کے واجبات کی وصولی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ صارفین اور مختلف اداروں سے بقایا رقوم بروقت وصول کی جاسکیں۔ اس سلسلے میں تمام دفاتر کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ نئے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب نیپرا قوانین کے مطابق صارفین کو ایک سال کے دوران زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ بجلی کے بلوں کی اقساط کروانے کی اجازت ہے۔ اس سہولت سے صارفین اپنے واجبات کی ادائیگی مقررہ شرائط کے تحت مختلف اقساط میں کرسکتے ہیں۔

لیسکو انتظامیہ نے بقایا جات کی اقساط کی رقم کرنٹ بل کے ساتھ وصول کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جن صارفین کو سابقہ واجبات کی اقساط کی سہولت دی جائے گی، انہیں ان اقساط کی مقررہ رقم موجودہ ماہ کے بجلی کے بل کے ساتھ ادا کرنا ہوگی۔کمپنی حکام کے مطابق ریکوری مہم کا بنیادی مقصد نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنانا اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔