190 ملین پائونڈ کیس :سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب کی استدعا منظور

آپ مجھ پر دبا ئوڈالنا چاہتے ہیں:قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کا پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ
کیس بنایا ہے تو کھیلیں، اپیل میں کیوں بھاگتے ہیں؟ بیرسٹر سلمان ‘بالکل کھیلیں گے:نیپ  پراسیکیوٹر 

اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی گئی ، سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ پر دبا ڈالنا چاہتے ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے شکوہ کیا کہ آج کافی دنوں بعد کیس لگا ہے، پیر کو کیس مقرر کر لیں اور مجھے سنا جائے۔ انہوں نے پراسیکیوشن کو مزید کہا، کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، اپیل میں کیوں بھاگتے ہیں؟۔اس پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا، بالکل کھیلیں گے۔نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا، اس کیس میں 14 سال کی سزا ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اسے عام کیس کی طرح ڈیل کیا جائے۔عدالت نے نیب کی جانب سے کیس کی تیاری کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر فریقین دلائل کا آغاز کریں۔ نئی تاریخ تحریری فیصلے میں جاری کی جائے گی۔