190 ملین پائونڈ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کر دیا

سزائوں کیخلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلوں کے کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کو ایک لاکھ روپے  جرمانہ کیا گیا
رمضان میں قیدی کو رہا کرنا ثواب کا کام ہے:بیرسٹر اعتزازاحسن‘نیب حکام بانی کو کسٹڈی میں رکھ کر  آنکھ ضائع کررہے ہیں:وکیل سلمان صفدر
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پائونڈ کیس میں سزائوں کیخلاف بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلوں کے کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا ۔ نیب کی متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے  ۔چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت نے کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے ۔ نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ہم نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر متفرق درخواست دائر کی ہے۔ یہ ہماری متفرق درخواست پر جواب دے دیں،ہم ان کی درخواست پر جواب جمع کروا دیتے ہیں ۔۔ ہمیں وقت دے دیں، نوٹس کریں تو ہم جواب دے دیں گے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا آج اسپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں موجود کیوں نہیں ہیں؟ یہ دلائل دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ یہ بانی پی ٹی آئی کو کسٹڈی میں رکھ کر ایک آنکھ ضائع کررہے ہیں اور دوسری کا بھی ارادہ ہے۔بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا رمضان میں قیدی کو رہا کرنا ثواب کا کام ہے، عدالت نے کہا بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے نیب پرجرمانہ عائد کرنے کی استدعا کررکھی ہے،اسپیشل پراسیکیوٹر کی عدم حاضری پر نیب کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا،نیب کے وکیل نے کہا آئندہ سماعت پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر لازمی پیش ہو جائیں گے۔