پانچ تاریخیں گزر گئیں،درخواست سماعت کیلئے مقرر نہیں ہو رہی:وکیل
بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن، رہنمائوں کو اجازت نہ ملی
اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردارمحمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کیلئے دائر متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری طرف اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن جمعرات تھا تاہم کسی بھی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں گذشتہ روزسماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدراور دیگر عدالت پیش ہوئے ، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں،سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹرفلک ناز،ایم این ایعلی محمد خان و دیگر پی ٹی آئی رہنما ء بھی کمرہ عدالت موجود تھے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے مئوقف اختیار کیا کہ پانچ تاریخیں گزر گئیں لیکن ان کی درخواست سماعت کیلئے مقرر نہیں ہو رہی، سزا معطلی درخواستوں پر جلد فیصلہ کیا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آفس کو ہدایت کر دی ،کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔دوسری طرف اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے جیل حکام کو بھجوائی گئی فہرست میں 6 لوگوں کا نام شامل تھا، داہگل کے مقام پر پولیس نے پی ٹی آئی خاتون رہنما نغمہ خالد ،زیاد کیانی،ظاہر شاہ ،محمد اعجاز خان ، پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ملک عدیل کو روک لیا۔ فیکٹری ناکے پر پی ٹی آئی رہنما ناہید سیف کو بھی روک لیا گیا تھا۔بعدازاں اڈیالہ جیل پہنچنے والے رہنما ء بغیر ملاقات کے واپس روانہ ہوگئے۔