حکومتی ٹیم اور اتحادیوں کا بجٹ میں مدد پر شکریہ معیشت کو مزید مستحکم بنائیں گےشہبازشریف
امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں، محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا عملی مظاہرہ کیا جائے : کابینہ اجلاس میں خطاب
پیٹرولیم لیوی کے تعین کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو منتقل کرنے کی منظوری‘کابینہ اجلاس میں ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار، وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے کشیدگی کم کرنے کے کردار کو سراہتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، پاکستان نے برادر اسلامی ملک کی بھرپور حمایت کی،ایران نے صدر زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا،ایرانی قوم نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ایران نے اسرائیل کو اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کابینہ اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم نے وفاقی بجٹ کی منظوری پر وزیر خزانہ اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ کابینہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے زبردست کردار پر قرارداد بھی منظور کی۔ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری اور منظوری ایک بڑی قومی کامیابی ہے، جس پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان، خصوصا نائب وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی بجٹ منظوری کے عمل میں سنجیدہ اور مثبت کردار پر سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس بار قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کی تعداد اطمینان بخش ہے اور تمام ارکان نے بجٹ کی منظوری میں مثالی یکجہتی اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بجٹ کی منظوری کے لیے فعال کردار ادا کیا۔بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ ایران نے اس عمل میں پاکستان کی سیاسی، عسکری اور عوامی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس کی عالمی سطح پر بھی پذیرائی ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استنبول میں ایرانی وزیر خارجہ سے جو اہم ملاقات کی، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی صدر نے بھی ان کے کردار کو سراہا ہے۔ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک میں امن کے دشمنوں فتن الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، جو کہ ریاست کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، ہم دشمن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا عملی مظاہرہ کریں تاکہ ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت معیشت کو مضبوط بنانے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ترقیاتی عمل کو تیز تر کرنے کے لیے جامع اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں اقتصادی میدان میں پیش رفت ہی ملکی استحکام کی بنیاد بنے گی۔دریں اثناء فاقی کابینہ کے اجلاس میںپیٹرولیم لیوی کے تعین کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی جبکہ ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے کردار کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی گئی