معرکہ حق شکر کا دن مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں: شہباز شریف
بری، بحری، فضائی اور سائبرمحاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا، پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، قوم شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا اور غازی فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے
وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ،دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف نبردآزما پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں:شہباز شریف
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق شکر کا دن ہے، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں۔اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ اور شاہینوں کی غیرمعمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔صدرِ مملکت نے پاک بحریہ کے سربراہ اور بحری افواج کی دفاعی صلاحیتوں کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، دشمن کی جارحیت کا بھرپور مگر متوازن جواب دے کر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے، پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے، ایران امریکا تنازع کے پْرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق اللہ کے انعامات پر شکر کا دن ہے، پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔انہوں نے کہا کہ قوم شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا اور غازی فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبرمحاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا، پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے، دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت اور ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی حکمتِ عملی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سرحدوں کے دفاع کے لیے چوکس ہے، پاکستان خوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک ثابت قدم رہے گا، مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا
ہے، پاکستان عالمی امن اور استحکام کا ضامن بن کر ابھرا ہے، امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر میں سراہا گیا، پاکستان امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔وزیر اعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاق کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف نبردآزما پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔