فیلڈ مارشل کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد‘ سپہ سالار کی قائدانہ صلاحیتیں اور دفاعِ وطن کیلئے غیرمتزلزل عزم قابلِ تحسین ہے،قوم کی ثابت قدمی اور حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے:وزیراعظم

وزیراعظم نے وزراء کو بیان بازی سے روکدیا  سب سیاسی استحکام  کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں:شہبازشریف
آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل، ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گا
 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر بلا تفریق کارروائی اور ریکوری کی ہدایت ‘پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر سمارٹ  سکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنایا جائے:اجلاس میں خطاب
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی:وزیراعظم کی گورنرفیصل کریم سے ملاقات میں یقین دہانی‘وزیرداخلہ بھی موجود تھے

اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے،  دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، پاکستان کی رہنمائی فرمائے اور ملک و قوم کی خدمت کیلئے ہماری مشترکہ کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتیں اور دفاعِ وطن کے لیے غیرمتزلزل عزم قابلِ تحسین ہے، امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند کرنے میں فیلڈ مارشل کی خدمات قابلِ قدر ہیں‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا۔جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالی نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے، وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔وزیرِ اعظم  نے کہا کہ اس موقع پر میں، وفاقی کابینہ کے تمام وزرا کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہیں، وفاقی وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے، صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے  وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار گیلانی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ‘ شہباز شریف نے  آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ٹیکس بیضابطگیاں سامنے آنے پر وزیراعظم نے بلا تفریق کارروائی اور ریکوری کی ہدایت دی ہے اورامید ظاہر کی ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کے ملکی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس، امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز کو تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم کو جلد فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے کراچی اور لاہور کے دوروں اور وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کی ملک کی تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے‘وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ملاقات کی ‘وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے نفاذ پر وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔