وزیراعظم شہباز شریف کا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کوفون‘مشکل حالات میں پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا

 بنگلہ دیش کیساتھ مضبوط تعاون چاہتے ہیں آصف زرداری‘شہبازشریف
بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لئے  ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں:صدر
بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد ‘ تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاکہ  امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی  این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام اور دو تہائی اکثریت حاصل کرنے پر بی این پی اتحاد اور متوقع وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے شاندار انتخابی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دی ہے، صدر مملکت نے بنگلہ دیش کی عوام کو کامیاب اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر بھی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ   پاکستان نے جمہوری شراکت داری اور باہمی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔صدر  زرداری نے  کہا کہ بنگلا دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ماضی کے مراحل سے آگے بڑھنے کا ایک موقع ہے،بی این پی کو قومی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور اگلی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے طارق رحمان کو بنگلہ دیش کے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا  بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہوں تاکہ اپنے تاریخی، برادرانہ اور ہمہ جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور جنوبی ایشیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔اسلام آباد سے وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حالیہ دورہ پاکستان اور ملاقاتوں کو خوشگوار قرار دیا، اماراتی صدر کے دورہ اسلام آباد اور رحیم یار خان کا خیر مقدم کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے مشکل حالات میں اماراتی تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔