بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب 22 سالہ دلہا ببلو موریا شادی کی پہلی رات مبینہ طور پر سانپ کے ڈسنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ببلو موریا کی شادی بدھ کے روز ہوئی تھی اور وہ جمعرات کو اپنی دلہن نیتو کو گھر لے کر آیا تھا۔ اسی رات تقریباً 3 بجے اسے اچانک پیٹ میں شدید درد محسوس ہوا، جس پر اس نے اپنے والد کو آواز دی۔اہل خانہ اسے فوری طور پر مقامی کلینک اور بعد ازاں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے سانپ کے کاٹنے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے اسے میڈیکل کالج منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔رپورٹس کے مطابق بروقت علاج نہ ملنے اور زہر جسم میں پھیل جانے کے باعث جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ببلو موریا انتقال کر گیا، جبکہ ہفتے کی صبح اس کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔متوفی کے والد کنورپال موریا کے مطابق ببلو کے جسم پر سانپ کے کاٹنے کا کوئی واضح نشان موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر اصل وجہ کا اندازہ نہ ہو سکا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد دلہن اور اہل خانہ کی خوشیاں غم میں تبدیل ہو گئیں۔