لاہور (ویب ڈیسک): لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کنال روڈ پر پیر کی صبح ایک افسوسناک حادثے میں ایک کار نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں تین نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب پیش آیا، جہاں ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشیں نکالیں۔ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر روانہ ہوئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ حادثے میں کار میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں نہر سے نکال کر جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوانوں میں سے ایک کی شناخت 16 سالہ حمزہ علی کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ دیگر دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
پولیس حکام اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری یا گاڑی پر کنٹرول کھونا ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین تحقیقات کے بعد ہو گا۔یہ افسوسناک واقعہ شہریوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، جو نہ صرف ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ نہر کنارے مناسب حفاظتی اقدامات کی ضرورت کو بھی نمایاں کرتا ہے۔