سوشل میڈیا پر ایک ایسی شادی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے دیکھنے والوں کو حیرت اور تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک معروف فوٹوگرافر نے دعویٰ کیا ہے کہ برسوں میں بے شمار شادیوں کی عکس بندی کے باوجود یہ تقریب تمام تر تجربات سے بالکل مختلف تھی۔
فوٹوگرافر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ انوکھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شادی زمین پر نہیں بلکہ فضا میں ہوئی۔ نجی طیارے کے اندر منعقد ہونے والی اس تقریب میں اصلی پھولوں سے دلکش سجاوٹ کی گئی، جہاں جوڑا بادلوں کے اوپر ایک دوسرے سے عہدِ وفا باندھتا دکھائی دیا۔ویڈیو کے مطابق اس شادی میں دلہا کی عمر 90 سال جبکہ دلہن کی عمر 25 سال بتائی جا رہی ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کو مزید حیران کر دیا۔ فوٹوگرافر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے بے شمار شادیاں کور کی ہیں، مگر ایسی تقریب کبھی نہیں دیکھی۔ ان کے مطابق محبت کی کہانیاں ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتیں، اور یہی ان کی انفرادیت انہیں ناقابلِ فراموش بنا دیتی ہے۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کچھ صارفین نے عمر کے غیر معمولی فرق پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ بعض نے مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں ردِعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ بہترین عمر ہے، اب سارا دن باہر گھوم پھر کر دھوکا دینے کا امکان ہی نہیں رہا‘‘، جبکہ ایک اور نے کہا کہ ’’وہ آخرکار سیٹل ہونے کے لیے تیار ہو گئے‘‘۔تاہم کئی صارفین نے اس شادی کو ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محبت اور رشتے کسی ایک سانچے میں نہیں ڈھلتے۔ ان کے مطابق یہ شادی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ زندگی کے غیر روایتی لمحے ہی سب سے زیادہ توجہ اور گفتگو کا مرکز بنتے ہیں۔