لاہور میں کینال روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ کینال روڈ پر واقع جناح انڈر پاس کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عملدار کے نام سے ہوئی ہے جو اعوان ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق نوجوان نے ہیلمٹ سر پر پہننے کے بجائے موٹر سائیکل کے ہینڈل کے ساتھ لٹکا رکھا تھا۔پولیس کے مطابق یوٹرن لیتے وقت ہیلمٹ ہینڈل میں پھنس گیا جس کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی اور فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔ شدید زخمی ہونے کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، ضروری کارروائی مکمل کر کے لاش کو تحویل میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ہیلمٹ لازمی پہنیں تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔