بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کھلاڑی جاں بحق ہو گئے، جبکہ واقعے کے بعد گراؤنڈ میں بھگدڑ مچ گئی اور کھلاڑی و تماشائی اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگ نکلے۔
پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس میں جاری کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم حملہ آوروں نے گراؤنڈ میں فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت آیوش اور ساگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کے خلاف لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا۔ بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرین نے شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی۔