پریتی زنٹا کی 8 سال بعد فلمی واپسی، اداکاری سے دوری کی اصل وجہ بتا دی

پریتی زنٹا کی 8 سال بعد فلمی واپسی، اداکاری سے دوری کی اصل وجہ بتا دی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپسی سے قبل اپنی زندگی کے اہم فیصلے سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

 اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 8 برسوں کے دوران فلموں سے دور اس لیے رہیں کیونکہ ان کی پہلی ترجیح اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش تھی۔پریتی زنٹا جلد ہی ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم "بٹوارہ 1947" کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنے فلمی وقفے، دوبارہ کیمرے کے سامنے آنے کے تجربے اور ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔پریتی زنٹا سے جب پوچھا گیا کہ کیا اتنے طویل وقفے کے بعد دوبارہ اداکاری کرنا ان کے لیے آسان تھا، تو انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں وہ کافی نروس تھیں۔ ان کے مطابق کئی سال بعد کیمرے کے سامنے آنا ایک مختلف تجربہ تھا، تاہم وقت کے ساتھ ان کا اعتماد بحال ہوگیا۔اداکارہ نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے پہلے ہی دن ہدایت کار راج کمار سنتوشی نے انہیں ایک انتہائی مشکل منظر فلمانے کے لیے دے دیا، جس پر وہ کچھ پریشان ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ساتھی اداکار سنی دیول نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اعتماد دیا۔پریتی زنٹا نے ہنستے ہوئے بتایا کہ پہلے دن مشکل سین ملنے پر وہ سنی دیول کی طرف دیکھ رہی تھیں کہ اب کیا ہوگا، تاہم سنی دیول نے انہیں تسلی دی اور کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ری ٹیک ہونا فلم سازی کا حصہ ہے۔

اداکارہ کے مطابق پوری رات شوٹنگ کرنے اور مشکل منظر مکمل کرنے کے بعد ان کا اعتماد واپس آگیا اور انہیں محسوس ہوا کہ دوبارہ اداکاری کرنا اتنا مشکل نہیں۔پریتی زنٹا نے کہا کہ فلمی دنیا سے دور رہنے کے باوجود انہیں کبھی واپسی کی کمی محسوس نہیں ہوئی، کیونکہ وہ اپنی خاندانی زندگی میں خوش تھیں اور اپنے بچوں کی پرورش کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ زندگی کے اس مرحلے میں خاندان ان کی سب سے بڑی ترجیح تھا، اسی لیے انہوں نے فلمی مصروفیات سے وقفہ لے کر اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔واضح رہے کہ پریتی زنٹا کی آخری فلم "بھیا جی سپر ہٹ" 2018 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ان کے ساتھ سنی دیول بھی مرکزی کردار میں شامل تھے۔ اب وہ فلم "بٹوارہ 1947" کے ذریعے ایک بار پھر شائقین کے سامنے آنے کے لیے تیار ہیں۔فلم میں سنی دیول کے علاوہ شبانہ اعظمی، کرن دیول، علی فضل، ابھیمنیو سنگھ، خوشی ہجارے اور کنیکا کپور سمیت کئی فنکار اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کی کہانی تقسیمِ ہند 1947 کے پس منظر میں پیش کی گئی ہے۔