اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں پوری قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے کیپٹن محمد سرور شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو آزادیٔ کشمیر کی پہلی جنگ کے دوران دشمن کا بے مثال جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے سپوت تھے جنہیں مادرِ وطن کے لیے قربانی کے اعتراف میں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ انہوں نے فرض شناسی، شجاعت اور بہترین عسکری حکمت عملی سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی، جبکہ ان کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے فرض، شجاعت اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہمیشہ احترام اور فخر سے یاد رکھا جائے گا۔