مریم نواز کا میجر شبیر شریف شہید کے 53ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

مریم نواز کا میجر شبیر شریف شہید کے 53ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

پاکستان کے معروف جنگی ہیرو، میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کا 53واں یومِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

 وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہید کی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نے عزم و جرأت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر شبیر شریف شہید کی قربانی اور بہادری پاکستانی قوم کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں شہید کی قبر پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں جی او سی لاہور میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میجر شبیر شریف کی یونٹ کے غازیوں اور ہمشیرہ نے بھی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی۔

میجر شبیر شریف شہید نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا اور 1971ء کی جنگ میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر دشمن کی فوج کو پسپا کیا۔ انہوں نے 6 دسمبر 1971ء کو جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازے گئے۔ وہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید کے بھانجے تھے۔