وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہنگو میں شہید کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہنگو میں شہید کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوت نے دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا اور 7 خوارجیوں کو ہلاک کرکے ان کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔اپنے بیانات میں وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کا عزم، حوصلہ اور جذبہ ہی قوم کی اصل قوت ہے۔ شہداء کی قربانیاں ملک کے تحفظ، امن اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کرکے شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا، ان کی قربانی قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی قربانی اور بہادری قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔